مقبوضہ بیت المقدس30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے مقبوضہ شہروں میں یورپی یونین کے مالی تعاون سے تیار کیے گئے فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری کیخلاف یورپی یونین نے سخت احتجاج کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ رواں سال میں اب تک ایسے168مکانات مسمار کیے گئے ہیں جو یورپی یونین کے تعاون سے تعمیرکیے گئے تھے۔اسرائیل کے موقر عبرانی اخبارہارٹز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپی یونین فلسطین میں مکانات مسماری کی پالیسی پراسرائیل پر سخت برہم ہے۔ بالخصوص ان مکانات کی مسماری جو یورپی یونین کے مالی تعاون سے تعمیر کیے گئیتھے یونین پر سخت گراں گذری ہے جس پر صہیونی ریاست کے خلاف سخت احتجاج کیا جا رہا ہے۔اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین نے مکانات مسماری کی پالیسی کے خلاف نہ صرف احتجاج کیا ہے بلکہ اسرائیلی ریاست کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ چلانے کی بھی دھمکی دی ہے۔عبرانی اخبار نے یورپی یونین کی خارجہ امور کے ڈائریکٹراویفیٹ بار ایلن کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یونین فلسطین میں مکانات مسماری پر اسرائیل کے خلاف ہرجانے کی درخواست دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطین میں یورپی یونین کے تعاون سے تعمیر کردہ مکانات کی مسماری ظالمانہ اقدامات ہیں اور یونین اس پر اسرائیل سے سخت احتجاج کرچکی ہے۔ادھر اسرائیل میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم بتسلیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال اسرائیلی انتظامیہ نے یورپی یونین کے تعاون سے تعمیر کیے گئے168مکانات مسمار کیے ہیں۔ ان میں سے125عمارتیں گذشتہ ایک ماہ کے دوران مسمار کی گئیں۔
حماس نے غرب اردن میں مزاحمت کے گیم رولزتبدیل کردیے:عبرانی میڈیا
مقبوضہ بیت المقدس30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں فلسطینی مزاحمتی کارکنوں کی جانب سے صہیونی فوجیوں اور غاصب یہودیوں کے خلاف کی جانے والی مزاحمتی کارروائیوں نے صہیونی ذرائع ابلاغ ، سیکیورٹی اداروں اور اسرائیلی حکومت بھی حیران وپریشان کردیا ہے۔ اسرائیلی اخبارات اوردیگر ذرائع ابلاغ یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ حماس نے غرب اردن میں جنگ کا توازن اور گیم رولز تبدیل کردیے ہیں۔ اسرائیل میں عبرانی زبان کی مقبول نیوز ویب سائیٹ وللا نے اپنی رپورٹ میں حال ہی میں غرب اردن کے الخلیل شہرمیں حماس کے کارکن محمد فقیہ کی شہادت میں ایک رپورٹ میں روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی تمام کارروائیوں کے پس پردہ حماس کی حربی حکمت عملی کار فرما ہے۔ رواں سال میں اب تک غرب اردن کے شہروں میں یہودی آباد کاروں اور فوجیوں پر بندوق سے فائرنگ کے 26واقعات پیش آچکے ہیں۔عبرانی نیوز ویب پورٹل کے مطابق 34.5فی صد فائرنگ کے واقعات میں یہودی آباد کاروں اور56.5فیصدمیں یہودی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گذشتہ برس اکتوبر میں یہودی فوجیوں پر فائرنگ کے 13اورنومبر2015ء میں12اوردسمبر میں 14فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے جب کہ رواں سال میں اب تک فائرنگ کے کل 26 واقعات درج کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لگتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے چاقو کے ذریعے حملوں کی کارروائیوں کی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اب باقاعدہ بندوق کااستعمال شروع کردیا ہے۔ بندوق کے استعمال کی پالیسی نے غرب اردن میں گیمز رولز تبدیل کردیے ہیں اور اسرائیلی فوج کو مزاحمتی قوتوں کے بارے میں اپنی سوچ تبدیل کرنے پرمجبور کیا ہے۔